Wednesday, January 16, 2013

عاشقوں کی عید ۔ 2


(7) آپس میں مبارک باد و خوشخبری دینا:- 
سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں جلوہ گری کے وقت آپس میں مبارک باد دینا اور خوشخبریاں سنانا اور بشارتیں دینا فرشتوں کی سنت مبارکہ ہے۔ چنانچہ ابھی تھوڑی دیر پہلے پیش کردہ حضرت عمرو بن قتیبہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی روایت کے ان الفاظ پر غور فرمائیے “جب حضرت آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے یہاں پیدائش کا وقت آیا تو اللہ تعالٰی نے حکم فرمایا کہ تمام فرشتے میرے سامنے حاضر ہو جائیں چنانچہ فرشتے ایک دوسرے کو “بشارتیں دیتے ہوئے حاضر ہونے لگے“ اور اسی روایت میں آگے ہے کہ “جب ولادت مبارکہ ہوئی تو تمام دنیا نور سے بھر گئی اور فرشتوں نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی“ اور ابھی مدارج النبوت کی روایت میں بیان ہوا کہ “اور کوئی جانور ایسا نہ تھا جس کو قوت گویائی نہ دی گئی ہو اور اس نے بشارت نہ دی ہو، مشرق کے پرندوں نے مغرب کے پرندوں کو خوشخبریاں دی۔“ 
پیارے اسلامی بھائیو! پیش کردہ روایات کے ان حصوں پر غور کرنے کے بعد یہ نتیجہ نکالنا کچھ زیادہ دشوار نہیں کہ “آمد مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر مبارکباد دینا اور آپس میں بشارت و خوشخبری سنانا، اللہ تعالٰی کو محبوب و مطلوب ہے کیونکہ فرشتوں اور جانوروں کی زبان پر ان کلمات کا جاری ہونا یقیناً اللہ عزوجل کی طرف سے کئے گئے الھام کی وجہ سے تھا۔“ 
اب باری ہے بوقت ولادت قیام کی۔

( 8 ) بوقت ولادت قیام:- 
کھڑے ہو کر استقبال محبوب باری تعالٰی کرنا، اللہ تعالٰی کے حکم سے فرشتوں کی سنت مبارکہ ہے چنانچہ
 مفتی احمد یار خاں نعیمی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ، “جاءالحق“ میں تحریر فرماتے ہیں “مواہب لدنیہ اور مدارج النبوت وغیرہ میں ذکر ولادت میں ہے کہ شب ولادت ملائکہ نے آمنہ خاتون رضی اللہ تعالٰی عنہا کے دروازے پر کھڑے ہو کر صلوٰۃ و سلام عرض کیا، ہاں ازلی راندہ ہوا (یعنی ہمیشہ دھتکارا ہوا) شیطان، رنج و غم میں بھاگا بھاگا پھرا، اس سے معلوم ہوا کہ میلاد سنت ملائکہ بھی ہے اور یہ بھی معلوم ہوا کہ بوقت پیدائش کھڑا ہونا ملائکہ کا کام ہے اور بھاگا بھاگا پھرنا، شیطان کا فعل۔ اب لوگوں کو اختیار ہے چاہیں تو میلاد پاک کے ذکر کے وقت ملائکہ کے فعل پر عمل کریں یا شیطان کے۔“ 
اور بی بی آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا وقت ولادت کے واقعات بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتی ہیں “
پھر میں نے نور کا ایک بلند مینار دیکھا اس کے بعد اپنے پاس بلند قامت والی عورتیں دیکھیں، جن کا قد عبد مناف کی لڑکیوں کی مانند، کھجور کے درختوں کی طرح تھا، میں نے ان کے آنے پر تعجب کیا۔ اس پر ان میں سے ایک نے کہا میں آسیہ، فرعون کی بیوی ہوں (آپ موسٰی علیہ السلام پر ایمان لے آئیں تھیں)۔ دوسری نے کہا میں “مریم بنت عمران ہوں اور یہ عورتیں حوریں ہیں۔“ پھر میرا حال بہت سخت ہو گیا اور ہر گھڑی عظیم سے عظیم تر آوازیں سنتی، جن سے خوف محسوس ہوتا۔ اسی حالت کے دوران میں نے دیکھا کہ زمین آسمان کے درمیان “بہت سے لوگ کھڑے ہیں“ جن کے ہاتھوں میں چاندی کے آفتاب ہیں۔“ (مدارج النبوت) 
اور ما قبل روایت میں عرض کیا جا چکا ہے کہ “
سورج کو اس دن عظیم روشنی دی گئی اور اس کے کنارے پر فضا میں “ستر حوریں کھڑی کر دی گئیں“ جو مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی منتظر تھیں“ اب اس کے بعد روزہ رکھنے کی دلیل پیش خدمت ہے۔

(9) روزہ رکھنا :- 
بروز ولادت روزہ رکھنا محبوب کبریا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی سنت مبارکہ ہے چنانچہ مسلم شریف میں حضرت ابو قتادہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ 
رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے پیر کے دن کے روزے کا سبب دریافت کیا گیا (یعنی پوچھا گیا کہ آپ خاص طور پیر کے دن، روزہ رکھنے کا اہتمام کیوں فرماتے ہیں) تو آپ نے ارشاد فرمایا اسی میں میری ولادت ہوئی اور اسی میں مجھ پر وحی نازل ہوئی۔

(10) عیدی تقسیم کرنا:- 
یوم ولادت عیدی تقسیم کرنا ہمارے اللہ عزوجل کی سنت کریمہ ہے پہلے عیدی کا مطلب جان لیجئے کہ
 لغوی اعتبار سے “عید کے انعام“ کو عیدی کہتے ہیں اب اس پر بطور دلیل میں، آپ کو وہی روایت یاد دلاؤں گا کہ جو گھر وغیرہ کو سجانے کے بارے میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی تھی اور حضرت عمرو بن قتیبہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی تھی اس روایت کے یہ جملے یاد کیجئے، 
(1) دنیا کے پہاڑ بلند ہو گئے (2) سورج کو اس دن عظیم روشنی عطا کی گئی (3) دنیا کی تمام عورتوں کیلئے نرینہ اولاد مقرر فرمائی (4) حکم فرمایا کہ کوئی درخت بغیر پھل کے نہ رہے (5) جہاں بدامنی ہے وہاں امن ہو جائے (6) تمام دنیا نور سے بھر گئی (7) آسمان روشن ہو گئے ( 8 ) حوض کوثر کے کنارے مشک و عنبر کے ستر ہزار درخت پیدا فرمائے اور ان کے پھلوں کو اہل جنت کی خوشبو قرار دیا۔“ 
اب دیکھتے جائیے کہ اللہ تعالٰی نے اپنے محبوب صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں بطور عیدی کیا کیا چیزیں تقسیم فرمائیں چنانچہ 
“پہاڑوں کو بلندی، سورج کی عظیم روشنی، عورتوں کو نرینہ اولاد درختوں، کو پھل، دنیا والوں کو امن و نور، آسمان کو روشنی اور اہل جنت کیلئے خوشبو کا تحفہ تقسیم ہوا۔ 
اور مدارج النبوت میں منقول روایت میں ہے “قریش کا یہ حال تھا کہ وہ شدید قحط اور عظیم تنگی میں مبتلا تھے چنانچہ تمام درخت خشک اور تمام جانور نحیف و لاغر ہو گئے تھے 
پھر (مولود پاک کی برکت سے) اللہ تعالٰی نے بارش بھیجی، جہاں بھر کو سر سبز و شاداب کیا، درختوں میں تازگی آ گئی، خوشی و مسرت کی ایسی لہر دوڑی کہ قریش نے اس سال کا نام سنۃ الفتح والا ابتہاج (یعنی روزی اور خوشی کا سال) رکھا۔“ 
اس روایت سے بارش، سرسبز و شادابی، درختوں میں تازگی اور خوشی و مسرت کی عیدی کی تقسیم کا ثبوت۔“ ملا۔
اور اب آخر میں جلوس نکالنے کی اصل بھی پیش خدمت ہے۔

(11) جلوس نکالنا :- 
جلوس نکالنے کے بارے میں اصل، مدارج النبوت میں درج شدہ یہ روایت ہے کہ جس میں بیان کیا گیا ہے کہ
 جب مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم ہجرت فرما مدینہ منورہ کے گردونواح میں پہنچے تو بریدہ اسلمی (رضی اللہ تعالٰی عنہ) اپنے قبیلے کے ستر لوگوں کے ساتھ، انعام کے لالچ میں رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو گرفتار کرنے کیلئے حاضر ہوئے، لیکن کچھ گفتگو کے بعد آپ نے مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے دریافت کیا “آپ کون ہیں ؟“ فرمایا “ میں محمد بن عبداللہ، اللہ کا رسول ہوں “ آپ نے جیسے ہی نام اقدس سنا تو دل کی کیفیات بدل گئیں اور اسلام قبول فرما لیا، آپ کے ساتھ، تمام ساتھیوں نے بھی اس سعادت کو حاصل کیا پھر آپ نے عرض کیا “یارسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم“ مدینہ میں داخل ہوتے ہی وقت آپ کے ساتھ ایک جھنڈا ہونا چاہئیے۔“ اس کے بعد آپ نے اپنے سر سے عمامہ اتارا اور اسے نیزے پر باندھ لیا اور (بحیثیت خادم) سیدالانبیاء صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے آگے آگے چلنے لگے۔“ 
پیارے اسلامی بھائیو!
 چشم تصور سے اس منظر کو دیکھئے کہ آگے آگے جھنڈے سمیت بریدہ اسلمی رضی اللہ تعالٰی عنہ ہیں، پھر مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اور سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ اور آپ حضرات کے پیچھے ستر صحابہء کرام علیہم الرضوان ہیں“ اور اب ذرا موجودہ دور میں نکلنے والے جلوس کا تصور ذہن میں لیکر آئیں، آپ کو ان دونوں میں مشابہت کا محسوس کرنا، بےحد آسان معلوم ہو گا۔“ 
پیارے اسلامی بھائیو!
 اس تمام تفصیل سے آپ نے بخوبی جان لیا ہوگا کہ آج کل جس مروجہ طریقے سے بارھویں شریف کا انعقاد کیا جاتا ہے، اس کی کوئی نہ کوئی اصل، زمانہء گزشتہ میں ضرور موجود رہی ہے۔ 
اب رہی دوسری چیز کہ “
باقاعدہ مخصوص دنوں میں اس کا اہتمام کرنا تو یہ حقیقت ہے کہ ولادت پاک پر جشن منانے کا باقاعدہ اہتمام نہ تو زمانہء نبوی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم میں تھا اور نہ ہی صحابہءکرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کے درمیان رائج تھا بلکہ اس کی ابتداء بعد کے زمانے میں ہوئی جیسا کہ حضرت علامہ شاہ محمد مظہراللہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ “تحدیث نعمت“ میں فرماتے ہیں “بتلانا یہ ہے کہ عرس اور مولود کا ایسا مسئلہ نہیں جو اس زمانے کی پیداوار ہو بلکہ تقریباً آٹھ سو سال سے متقدمین، (یعنی پہلے زمانے کے لوگ) مولود شریف کے جواز (یعنی جائز ہونے) اور استحباب (یعنی پسندیدہ ہونے) پر متفق ہیں تو اس کی بدعت (بدعت سے مراد سیئہ ہے۔ تفصیل انشاءاللہ عزوجل آگے آ رہی ہے) و حرام کہنا ان ہزار ہا جلیل القدر حضرات پر طعن کرنا ہے جو گناہ عظیم ہے، اللہ تعالٰی مسلمانوں کو اس گناہ سے محفوظ رکھے، رہا یہ خدشہ کہ جب حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اور صحابہء رضی اللہ تعالٰی عنہم کے زمانے میں ایسی مجالس نہیں ہوتی تھیں تو پھر ایسی مجالس کی ترویج کیوں کی گئی ؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ ایسے افعال کیلئے ضرورتیں مجبور کرتی ہیں، جس طرح قرآن کی عبارت پر اعراب نہ تھے، جب یہ ضرورت محسوس ہوئی کہ عجمی لوگ (غیر عرب) اسے کیسے پڑھیں گے، تو اعراب لگائے گئے۔“ احادیث نہ لکھی جاتی تھیں (یعنی باقاعدہ اہتمام کے ساتھ کتابی شکل میں) بلکہ لکھنے کی ممانعت تھی لیکن جب یہ دیکھا کہ اب لوگوں کے حافظے ضعیف ہو گئے تو احادیث لکھی گئیں، اسی طرح بکثرت ایسی چیز پائیں گے جن کا وجود قرن اول (یعنی پہلے زمانے) میں نہ تھا، بعد میں بضرورت نکالی گئیں یہی حال اس کا سمجھئے، پہلے زمانے میں شوق تھا اور لوگ، علماء کی مجالس میں جا کر حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و مناقب اور آپ کی ولادت کے واقعات سن کر اپنے ایمان کو تازہ کرتے اور آپ کے ساتھ محبت کو ترقی دیتے تھے جو مولٰی تعالٰی کو مطلوب تھا، لیکن جب یہ دیکھا کہ مسلمانوں کے اس شوق میں کمی آ گئی، حالانکہ اس کی سخت ضرورت ہے تو اس کو دیکھتے ہوئے سب سے پہلے اس کارخیر کی ابتداء شہر موصل میں حضرت عمرو بن محمد رضی اللہ تعالٰی عنہ نے کی جو کہ اکابر علماء میں سے تھے جیسا کہ ابوشامہ نے لکھا ہے، اس کے بعد بادشاہوں میں سے اول بادشاہ ابوسعید مظفر نے مولود شریف تخصیص و تعین کے ساتھ اس شان کے ساتھ کیا کہ اکابریں علماء و صوفیاء کرام اس محفل میں بلا نکیر (بغیر کسی انکار کے) شریک ہوتے تھے تو گویا تمام اکابرین کا جواز و استحباب پر اتفاق ہو گیا تھا۔
یہ بادشاہ ہر سال ربیع الاول شریف میں “تین لاکھ اشرفیاں“ (یعنی سونے کے سکے) لگا کر یہ محفل کیا کرتا تھا۔ اس کے زمانے میں ایک عالم حافظ ابوالخطاب بن وجیہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ تھے، جن کے علم کی علامہ زرقانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے اپنی تصانیف میں بڑی تعریف کی ہے، انھوں نے سلطان ابوسعید کیلئے بیان مولودشریف میں ایک کتاب “کتاب التنویر فی مولد سراج المنیر“ تصنیف کی، جس کو خود ہی سلطان کے سامنے پڑھا، سلطان بڑا خوش ہوا اور آپ کو ہزار اشرفی انعام میں دی، اس کے بعد تو دنیا کے تمام اطراف و بلاد (یعنی شہروں قصبوں) میں ماہ ربیع الاول میں مولود شریف کی محفلیں ہونے لگیں، جس کی برکت سے مولائے کریم کا فضل عمیم (یعنی کامل فضل) ظاہر ہونے لگا۔
پیارے اسلامی بھائیو! بیان کردہ تفصیل سے بخوبی معلوم ہو گیا کہ 
بارھویں شریف کا باقاعدہ اہتمام، زمانہ نبوی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے کافی عرصہ بعد شروع ہوا لٰہذا اس اعتبار سے تسلیم کیا جائے گا کہ یہ بدعت ہے۔ لیکن اس کے بدعت ثابت ہوتے ہی اس پر حرام و گمراہی کا فتوی لگانا درست ہے یا نہیں ؟ اس کا درست فیصلہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب کہ پہلے ہم بدعت کے شرعی معنی، اس کی اقسام اور پھر اقسام میں سے ہر قسم کا حکم معلوم کریں اور پھر دیکھیں کہ موجودہ مروجہ بارھویں شریف کا انعقاد، بدعت کی کس قسم میں داخل ہے۔ چنانچہ اب میں آپ کی خدمت میں یہ تمام ضروری تفصیل بہت آسان الفاظ میں عرض کرتا ہوں، حسب سابق اسے بھی بغور سماعت فرمائیے، سب سے پہلے بدعت کے شرعی معنی حاضر خدمت ہیں۔

بدعت کے شرعی معنی :- 
ہر وہ چیز جو سیدالانبیاء صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے زمانہء مبارکہ کے بعد ایجاد ہوئی بدعت ہے، یہ عام ہے کہ وہ چیز دینی ہو یا دنیاوی، اس کا تعلق عقائد سے ہو یا اعمال سے۔“ 
دلیل :- اس تعریف پر دلیل رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان عالیشان ہے “کل محدثۃ بدعۃ“ یعنی ہر نئی ایجاد کی ہوئی چیز بدعت ہے۔ (احمد، ابوداؤد، ترمذی، ابن ماجہ) 
یہ بھی خیال رکھئے گا کہ بدعت کہ تعریف میں “زمانہء نبوی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی قید“ لگائی گئی ہے، چنانچہ صحابہءکرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کے زمانہء پاکیزہ میں ایجاد شدہ نئے کام کو بھی بدعت ہی کہا جائے گا جیسا کہ “بخاری شریف“ میں ہے کہ جب رمضان المبارک میں، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے لوگوں کو تراویح کی ادائیگی کیلئے حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالٰی عنہ کے پیچھے جمع فرمایا، اور تشریف لاکر لوگوں کو جماعت سے نماز ادا کرتے دیکھا تو ارشاد فرمایا نعم البدعۃ ھذہ“ یہ (بڑی جماعت) اچھی بدعت ہے۔“ 
چونکہ زمانہء سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم میں بیس رکعت تراویح “باقاعدہ جماعت کے ساتھ“ نہ ہوتی تھیں بلکہ آپ نے اپنے زمانہ خلافت میں اس کا انتظام فرمایا، لٰہذا اسے بدعت سے تعبیر فرمایا اور اس طرح دو مسئلے بخوبی ثابت ہو گئے، 
(1) صحابہءکرام علیہم الرضوان کے زمانہء مبارکہ میں نیا پیدا شدہ کام بھی بدعت ہی کہلائے گا اگرچہ عرفاً اسے سنت صحابہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کہا جاتا ہے۔ 
(2) ہر بدعت حرام و گمراہی نہیں، ورنہ معاذاللہ، ایک صحابی رضی اللہ تعالٰی عنہ کا حرام کام کرنا اور بقیہ صحابہءکرام علیھم الرضوان کا اس پر اتفاق کرکے گناہ میں تعاون کرنا ثابت ماننا پڑے گا حالانکہ یہ ناممکنات میں سے ہے۔ بدعت کی شرعی تعریف جاننے کے بعد اب اس کی اقسام کے بارے میں بھی سماعت فرمائیے کہ اس کی ابتداء دو قسمیں ہیں۔ 
(1) بدعت اعتقادی (2) بدعت عملی 

(1) بدعت اعتقادی :- 
اس سے مراد برے عقائد ہیں جو مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے بعد ایجاد ہوئے مثلاً یہ عقیدہ رکھنا کہ معاذاللہ، اللہ تعالٰی جھوٹ بول سکتا ہے یا ہمارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین نہیں بلکہ کوئی اور نبی اب بھی آ سکتا ہے یا بے عیب و بےمثال آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا ہم مثل ممکن ہے یا ہمارے نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام ہمارے بڑے بھائی کی طرح ہیں یا شیطان و ملک الموت علیہ السلام کا علم، سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے علم مبارک سے زیادہ ہے وغیرہ وغیرہ۔ 
دلیل:- 
اس قسم کیلئے دلیل مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان عالیشان ہے “
من احدث فی امرنا ھذا ما لیس منہ فھورد۔“ جس نے ہمارے دین میں کوئی ایسی بات نئی ایجاد کی جو اس میں سے نہیں تو وہ باطل و مردود ہے۔ (بخاری و مسلم) ہاں نئی بات سے مراد نئے عقیدے ہیں۔“
(2) بدعت عملی :- 
وہ نیا کام جو مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے زمانہءپاک کے بعد پیدا ہوا، چاہے وہ کام دینی ہو یا دنیاوی“ پھر اس کی دو قسمیں ہیں (1) بدعت حسنہ (2) بدعت سیئہ 
(1) بدعت حسنہ : ہر وہ نیا کام جو نہ تو خلاف سنت ہو اور نہ ہی کسی سنت کے مٹانے کا سبب بنے۔
(2) بدعت سیئہ: ہر وہ نیا کام جو کسی سنت کے خلاف ہو یا کسی سنت کے مٹانے کا سبب بن جائے۔
 
ان دو قسموں کی دلیل : 
ان پر دلیل ہمارے مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان عالیشان ہے “
جو اسلام میں اچھا طریقہ جاری کرے تو اس کیلئے اپنے عمل کا اور جو اس کے بعد اس پر عامل ہوں گے ان سب کے اعمال کا ثواب ہے بغیر اس کے کہ ان لوگوں کے اجر میں سے کچھ کمی ہو اور اسلام میں کوئی برا طریقہ جاری کرے تو اس پر اپنی بدعملی کا اور ان سب کی بد اعمالیوں کا گناہ ہے کہ جو اس کے بعد اس پر عامل ہوں گے، بغیر اس کے کہ ان کے گناہوں میں سے کچھ کمی ہو (مسلم شریف) 
اب آخر میں یاد رکھئے کہ بدعت حسنہ اور بدعت سیئہ کی بھی مزید کچھ قسمیں ہیں چنانچہ 
بدعت حسنہ کی تین قسمیں ہیں (1) بدعت مباحہ (2) بدعت مستحبہ (3) بدعت واجبہ 
اور
 بدعت سیئہ کی دو قسمیں ہیں 
(1) بدعت مکروہہ (2) بدعت محرمہ 
اب بالترتیب ان سب کی تعریفیں اور مثالیں بھی سماعت فرما لیں۔ 
بدعت مباحہ: 
ہر وہ نیا کام جو شریعت میں منع نہ ہو اور بغیر کسی نیت خیر کے کیا جائے جیسے جائز طریقوں کے ساتھ پاکستان کا یوم آزادی منانا، نئے نئے کھانے مثلاً بریانی، کوفتے، زردہ وغیرہ۔ 
(2) بدعت مستحبہ
ہر وہ نیا کام جو شریعت میں منع نہ ہو اور کسی نیت خیر کے ساتھ کیا جائے۔ مثلاً اسپیکر میں اذان دینا، بارھویں شریف اور بزرگان دین کے اعراس کی محافل قائم کرنا وغیرہ۔ 
(3) بدعت واجبہ 
ہر وہ نیا کام جو شریعت میں منع نہ ہو اور اس کے چھوڑنے سے دین میں حرج واقع ہو یا وہ نیا کام جو کسی فرض یا واجب کو پورا کرنے یا اسے تقویت دینے والا ہو جیسے قرآن مجید پر اعراب لگانا، علم صرف و نحو پڑھنا اور دینی مدارس قائم کرنا وغیرہ۔ 
(4) بدعت مکروھہ : 
وہ نیا کام جو سنت کے مخالف ہو اب اگر کسی سنت غیر مؤکدہ (وہ سنت ہے کہ جس کے ترک کو شریعت ناپسند رکھے لیکن یہ ناپسندیدگی اس حد تک نہ ہو کہ ترک پر وعید عذاب بیان کی گئی ہو) کے مخالف ہو تو یہ بدعت مکروہ تنزیہی ہے (سنت غیر مؤکدہ کے مخالف عمل کو کہتے ہیں) اور اگر سنت مؤکدہ (وہ سنت کہ جسے سرکار مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ کیا ہو البتہ بیان جواز کے لئے کبھی ترک بھی فرمایا ہو۔ یا وہ کہ اس کے کرنے کی تاکید فرمائی مگر جانب ترک بالکل بند نہ فرمائی) چھوٹی تو یہ بدعت اساءت (سنت مؤکدہ کے مخالف عمل کو کہتے ہیں) مثلاً سلام کے بجائے ہائے ہیلو سے کلام کی ابتداء کرنا، عادہً ننگے سر رہنا وغیرہ۔ 
(5) بدعت محرمہ 
وہ نیا کام جو کسی فرض یا واجب کے مخالف ہو جیسے داڑھی منڈانا یا ایک مٹھی سے چھوٹی رکھنا وغیرہ۔ 
ان سب پر دلیل 
ملا علی قاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ، مرقاۃ شرح مشکوٰۃ میں فرماتے ہیں 
“بدعت یا تو واجب“ ہے جیسے علم نحو کو سیکھنا اور اصول فقہ کا جمع کرنا اور یا محرمہ ہے جیسے جبریہ مذہب (اس فرقہ کا اعتقاد ہے کہ انسان کو اپنے اعمال و افعال پر کوئی اختیار نہیں ہے) اور یا مستحب ہے جیسے مسافر خانوں اور مدرسوں کا ایجاد کرنا اور ہر وہ اچھی بات جو پہلے زمانے میں نہ تھی اور جیسے عام جماعت سے تراویح پڑھنا اور یا “مکروہہ“ ہے جیسے مسجدوں کو فخریہ زینت دینا یا مباحہ فجر کی نماز کے بعد مصافحہ کرنا اور عمدہ کھانوں اور مشروبات میں وسعت کرنا۔“ 
پیارے اسلامی بھائیو ! معلوم ہوتا ہے کہ اس تفصیل کی بناء پر سب کچھ ذہن میں گڈ مڈ ہو گیا ہے، چلیں میں آپ کے سامنے مختصر ان تقسیمات کا خلاصہ عرض کر دیتا ہوں۔ 
یاد رکھیں کہ بدعت کی دو قسمیں ہیں۔ 
(1) بدعت اعتقادی (2) بدعت عملی 
پھر بدعت عملی کی پانچ قسمیں ہیں
 (1) بدعت مباحہ (2) بدعت مستحبہ (3) بدعت واجبہ (4) بدعت مکروہہ (5) بدعت محرمہ 
“ اب خوب اچھی طرح ذہن نشین کر لیجئے کہ 
سرکار دو عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے فرمان عالیشان “(کل بدعۃ ضلالۃ“) سے مراد یا تو “بدعت اعتقادی“ ہے اور یا پھر “بدعت مکروہہ“ اور “بدعت محرمہ“ اور اب جب کہ بدعت کی تمام اقسام اور ان کا حکم بالکل واضح ہو گیا تو یہ فیصلہ کرنا کچھ بھی دشوار نہ رہا کہ “بارھویں شریف“ کا انعقاد، بدعت مستحبہ ہونے کی وجہ سے سعادت مندی اور باعث اجر و ثواب ہے۔“ 
پیارے اسلامی بھائیو!
 ان تمام دلائل کے علاوہ ایک اور دلیل سے بھی بارھویں شریف کے جواز کو ثابت کرنا ممکن ہے اس کی تفصیل یہ کہ یہ ضابطہ ہمیشہ ذہن میں رکھئے کہ “کسی چیز کو جائز قرار دینے کے لئے دلیل درکار نہیں ہوتی بلکہ ناجائز ثابت کرنے کیلئے دلیل کا مطالبہ کیا جاتا ہے“ کیونکہ تمام چیزوں میں اصل یہ ہے کہ وہ مباح (جس چیز کا کرنا نہ کرنا برابر ہو یعنی نہ تو کرنے پر ثواب ہے اور نہ ہی چھوڑ دینے پر کوئی گناہ ہے) ہیں جیسا کہ “ردالمحتار“ میں ہے “المختار ان الاصل لاباحۃ عند الجمھور من الحنفیۃ والشافعیۃ جمھورا حناف و شوافع کے نزدیک مختار مذہب یہ ہے کہ (“ تمام چیزوں میں) اصل، مباح ہونا ہے“ چنانچہ اب اگر ہم کسی چیز کو ناجائز و حرام کہنا چاہیں تو پہلے ہمیں قرآن و حدیث سے اس کی ممانعت پر دلیل پیش کرنا لازم ہوگا، مثلاً اگر کوئی پوچھے کہ “ آپ شراب پینے، جوا کھیلنے، محرمات سے نکاح کرنے، مرادر کتے بلی حشرات الارض وغیرہ کھانے کا ناجائز و حرام کیوں کہتے ہیں ؟“ تو یقیناً یہی جواب دیا جائے گا کہ، “ان سب کو قرآن و حدیث میں منع کیا گیا ہے“ 
اب جو بدبخت معاذاللہ اپنے نبی علیہ السلام کی خوشی منانے کو ناجائز و حرام کہے تو ضابطے کے مطابق اس سے مطالبہ کیا جانا چاہئیے کہ “اچھا اگر واقعی ایسا ہے تو قرآن و حدیث سے اس کی ممانعت کی دلیل پیش کیجئے۔“ آپ دیکھیں گے کہ انشاءاللہ عزوجل قیامت تک ممانعت پر دلیل لانے سے عاجز رہے گا اورا س کا عاجز آ جانا ہی اس بات کی دلیل ہو گا کہ مولود مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا جشن منانا بالکل جائز و مستحن ہے۔ بلکہ ایسے لوگوں کو یہ ناپاک جملے زبان سے نکالنے سے ڈرنا چاہئیے کیونکہ ان کا یہ فعل اللہ عزوجل کی سخت گرفت کا باعث بن سکتا ہے انھیں چاہئیے کہ خوب ٹھنڈے دل کیساتھ ان آیات پر غور کریں اللہ تعالٰی کا فرمان عالیشان ہے یایھاالذین امنو لا تحرموا طیبت ما احل اللہ لکم ولا تعتدوا ط ان اللہ لا یحب المعتدین ہ اے ایمان والو! حرام نہ ٹھہراؤ وہ ستھری چیزیں کہ اللہ (عزوجل) نے تمھارے لئے حلال کیں اور حد سے نہ بڑھو، بےشک حد سے بڑھنے والے اللہ (تعالٰی) کو ناپسند ہیں ( پارہ7 سورۃ مائدہ آیت87 ) اور ارشاد فرمایا “قل ارءیتم ما انزل اللہ لکم من رزق فجعلتم منہ حراما و حلٰلا ط قل اللہ اذن لکم ام علی اللہ تفترون ہ تم فرماؤ بھلا بتاؤ تو وہ جو اللہ (عزوجل) نے تمھارے لئے رزق اتارا، اس میں تم نے اپنی طرف سے حرام و حلال ٹھہرالیا، تم فرماؤ کیا اللہ تعالٰی نے اس کی تمھیں اجازت دی یااللہ (عزوجل) پر جھوٹ باندھتے ہو (سورہ یونس پارہ 11 آیت 59) 
تفسیر خزائن العرفان میں اسی آیت پاک کے تحت ہے
 “اس آیت مبارکہ سے معلوم ہوا کہ کسی چیز کو اپنی طرف سے حلال یا حرام کرنا ممنوع اور اللہ تعالٰی پر “جھوٹ باندھنا“ ہے آج کل بےشمار لوگ اس میں مبتلا ہیں کہ ممنوعات کو حلال کہتے ہیں اور مباحات کو حرام۔ بعض سود، تصویروں، کھیل تماشوں، عورتوں کی بےپردگیوں، بھوک ہڑتال جو “خودکشی“ ہے، کو حلال ٹھہراتے ہیں اور بعض حلال کو حرام ٹھہرنے پر مصر ہیں جیسے محفل میلاد، فاتحہ، گیارھویں شریف وغیرہ اسی کو قرآن پاک میں اللہ تعالٰی پر افتراء کرنا بتایا۔“ اور انھیں یہ حدیث پاک بھی خوب اچھی طرح یاد رکھنی چاہئیے کہ “مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے گھی، پنیر اور پوستین کے بارے میں سوال کیا گیا (کہ ان کا استعمال ہمارے لئے جائز ہے یا نہیں)“ تو آپ نے ارشاد فرمایا “حلال وہ ہے جسے اللہ تعالٰی نے اپنی کتاب میں حلال کیا اور حرام وہ ہے جسے اللہ تعالٰی نے اپنی کتاب میں حرام کیا، اور جس چیز کے بارے میں خاموشی اختیار فرمائی تو وہ ان چیزوں میں سے ہے کہ جنھیں معاف فرمایا گیا ۔ (ترمذی) 
اس تمام بحث و تفصیل کا نتیجہ بھی یہی نکلا کہ چونکہ بارھویں شریف کی ممانعت نہ تو قرآن سے ثابت ہے اور نہ حدیث سے چنانچہ یہ بالکل جائز و مستحب و باعث حصول برکات و بلندیء درجات ہے۔“ 
جاوید: اللہ تعالٰی کا بڑا شکر ہے کہ آپ کے دلائل سے ہمارے دلوں میں موجود تمام سوالوں کا جواب حاصل ہو گیا اور مجھ سمیت میرے ان تمام دوستوں میں سے کسی کو بھی میلاد شریف کے جائز ہونے کے بارے میں اب کسی قسم کا شک و شبہ باقی نہیں۔ 
باقی دوست: جی ہاں بالکل، یہی بات ہے۔ 
جاوید: اگر آپ محسوس نہ فرمائیں تو چند مذید سوالات کے جوابات بھی عنایت فرما دیجئے، یہ ایسے سوالات ہیں کہ جو میلاد پاک کو جائز ماننے کے بعد بھی ذہن میں پیدا ہوتے ہیں۔ 
احمد رضا: ہاں ہاں ضرور پوچھئے، اگر مجھے معلوم ہوا تو انشاءاللہ عزوجل ان کے جوابات بھی ضرور عرض کرنے کی سعادت حاصل کروں گا۔ 
جاوید: بہت بہت شکریہ، اگلا سوال یہ ہے، 
سوال: اس پر کیا دلیل ہے کہ میلاد رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر خوشیاں منانا، اللہ تعالٰی اور اس کے نبیء کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی رضا و خوشنودی کا سبب ہے ؟ 
احمدرضاموقع میلادالنبی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر اللہ تعالٰی کی خوشی کا اندازہ اس عبارت سے لگائیے کہ جسے شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے “ماثبت من السنۃ“ میں نقل فرمایا ہے، تحریر فرماتے ہیں، “ابو لہب نے اپنی لونڈی ثوبیہ کو اس صلے میں آزاد کر دیا تھا کہ اس نے (یعنی ثوبیہ) نے اسے سرور عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کی خبر دی تھی تو ابولہب کے مرنے کے بعد کسی نے اسے خواب میں دیکھا، پوچھا کہ “کہو کیا حال ہے ؟“ بولا “آگ میں ہوں البتہ اتنا کرم ہے کہ ہر پیر کی رات مجھ پر تخفیف کر دی جاتی ہے اور اشارے سے بتایا کہ “اپنی دو انگلیوں سے پانی چوس لیتا ہوں“ اور یہ عنایت مجھ پر اس وجہ سے ہے کہ مجھے ثوبیہ نے بھتیجے (یعنی نبیء اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم) کی پیدائش کی خبر دی تھی تو اس بشارت کی خوشی میں، میں نے اسے دو انگلیوں کے اشارے سے آزاد کر دیا تھا اور پھر اس نے اسے دودھ پلایا تھا۔“ (خواب والا واقعہ بخاری شریف میں بھی موجود ہے۔) 
(عبدالحق دہلوی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ مذید تحریر فرماتے ہیں کہ) اس پر علامہ جزری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ فرماتے ہیں کہ جب ابولہب جیسے کافر کا یہ حال ہے کہ اس کو حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کی رات خوش ہونے پر دوزخ میں بھی بدلہ دیا جا رہا ہے تو رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی امت میں سے ان لوگوں کے حال کا کیا پوچھنا جو آپ کی پیدائش کے بیان سے خوش ہوتے ہیں اور جس قدر بھی طاقت ہوتی ہے ان کی محبت میں خرچ کرتے ہیں، مجھے اپنی اپنی عمر کی قسم! کہ ان کی جزاء خدائے کریم کی طرف سے یہی ہو گی کہ ان کو اپنے فضل عمیم (یعنی فضل کامل) سے جنات نعیم (آرام و نعت کے باغات یعنی جنت) میں داخل فرمائے گا۔“ 
اور مدنی مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی و مسرت کیلئے یہ روایت سنئے کہ 
جسے علامہ شاہ محمد مظہراللہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے “تصرفات محمدیہ (صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم)“ میں نقل فرمایا ہے کہ آپ لکھتے ہیں “علامہ زرقانی نے بحوالہ تنویر، حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے نقل کیا ہے کہ وہ (یعنی ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ) اپنے گھر میں اپنے اہل و عیال اور چند افراد قوم کو جمع کرکے ان کے سامنے ولادت کے واقعات و حالات بیان فرما رہے تھے اور حمدالٰہی عزوجل اور درود و سلام میں مصروف تھے کہ اچانک سرور دو جہاں، شفیع مجرماں صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم تشریف لے آئے اور آپ کا یہ حال ملاحظہ فرما کر نہایت خوش ہوئے اور فرمایا “حلت لکم شفاعتی“ تمھارے لئے میری شفاعت حلال ہو گئی (یعنی لازم ہو گئی)“ (مظہراللہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ اس کے بعد فرماتے ہیں) سبحان اللہ عزوجل! وہ لوگ کیسے خوش قسمت ہیں جو رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کی مجالس منعقد کرکے اپنی بخشش کا سامان کرتے ہیں۔“ 
اور “
انفاس العارفین“ میں شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ تحریر فرماتے ہیں کہ “ان کے والد حضرت مولانا شاہ عبدالرحیم رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ بیان فرمایا کرتے تھے کہ میں ہر سال بارھویں شریف کے میلاد شریف میں طعام اور شیرنی تقسیم کرتا تھا، مگر ایک سال کچھ تنگ دستی ہو گئی تو میں نے بھنے ہوئے چنوں پر ہی فاتحہ دے کر میلاد شریف میں تقسیم کر دئیے میں نے خواب میں رحمت کونین صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کی، دیکھا کہ وہی چنے سرکار دو عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے سامنے رکھے ہوئے ہیں اور آپ خوش ہو رہے ہیں۔“ 
اور پیارے اسلامی بھائیو! اگر 
عقلی طور پر بھی دیکھا جائے تو با آسانی سمجھا جا سکتا ہے کہ یہ فعل، اللہ تعالٰی اور اس کے رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو خوش کرنے والا ہے، وہ اس طرح کہ بارھویں شریف کو سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے نسبت ہے اور ہمارا اس پر خوب خوشیاں منانا اس بات کی علامت ہےکہ ہمیں اپنے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے عالم میں رونق افروز ہونے سے خوشی و مسرت حاصل ہوئی ہے اور یہ فطری تقاضا ہے کہ جس چیز کو ہم سے نسبت ہو اس پر کسی کا خوشی کا اظہار کرنا ہمیں خوش کر دیتا ہے بس اسی طرح مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سے نسبت رکھنے والی بارھویں شریف پر خوشی منانا آپ کو خوش کر دیتا ہے اور چونکہ ہمارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اپنے رب عزوجل کے حبیب ہیں اور اللہ تعالٰی کی خوشی اپنے حبیب کی خوشی میں پوشیدہ ہےچنانچہ جب حبیب باری تعالٰی خوش ہو گئے تو باری تعالٰی بھی ضرور ضرور خوش ہو گا۔
جاوید: بالکل درست، اب ایک اور سوال۔ 
سوال: ان اعمال پر سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو خوش ہونا تو اس صورت میں ممکن ہے کہ جب آپ کو ان تمام کاموں کی خبر ہو، تو اس پر کیا دلیل ہے کہ آپ ہمارے تمام افعال و اعمال پر واقف ہیں ؟ 
احمدرضا* !یقیناً ہمارے پیارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم بخوبی جانتے ہیں کہ آپ کا کون امتی، کس طرح خوشی کا اظہار کر رہا ہے۔ 
اس پر دلیل وہ حدیث پاک ہے جسے اعلٰی حضرت رضی اللہ تعالٰی عنہ نے “احکام شریعت“ میں نقل فرمایا ہے کہ سرکار مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ “ہر پیر اور جمعرات کو اللہ تعالٰی کے حضور اعمال پیش ہوتے ہیں اور انبیاءکرام علیھم الصلوٰۃ والسلام اور ماں باپ کے سامنے ہر جمعے کو، وہ نیکیوں پر خوش ہوتے ہیں اور ان کے چہروں کی صفائی اور تابش بڑھ جاتی ہے تو اللہ عزوجل سے ڈرو اور اپنے مردوں کو اپنے گناہوں سے رنج نہ پہنچاؤ۔ (ارواہ الامام الحکیم عن والد عبدالعزیز رضی اللہ تعالٰی عنہ) 
بلکہ اچھی طرح یاد رکھئے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا اعمال امت پر واقف ہونا، فقط اعمال ناموں کے خدمت اقدس میں پیش کئے جانے پر موقوف نہیں، بلکہ اللہ تعالٰی کی عطا اور اس کے فضل و کرم سے آپ بذات خود براہ راست اپنی پوری امت کے اعمال کا مشاہدہ فرمانے پر قادر ہیں، کائنات کی کوئی بھی شے آپ پر مخفی نہیں۔ 
جاوید: 
بعد وفات آپ ہمیں کس طرح دیکھ سکتے ہیں ؟ 
احمدرضا: شاید آپ کو یاد نہیں رہا، ابھی کچھ دیر پہلے میں نے ایک حدیث پاک بیان کی تھی کہ 
“انبیاء علیھم السلام اپنی قبور میں زندہ ہیں “ (ابن ماجہ) 
جاوید: 
اچھا اس پر کیا دلیل ہے کہ آپ اتنے طویل فاصلے سے ہمیں دیکھ سکتے ہیں ؟ 
احمدرضا: اس پر بےشمار دلیلیں موجود ہیں۔ تنگیء وقت کی بناء پر
 دو دلیلیں پیش کرتا ہوں۔ 
(1) حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما سے روایت ہے فرماتے ہیں۔
 “رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے زمانے میں سورج گرہن ہوا تو آپ نے لوگوں کے ساتھ نماز پڑھی، پھر فارغ ہوئے تو سورج صاف ہو چکا تھا۔ لوگوں نے عرض کی “یارسول اللہ (صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم)! ہم نے (حالت نماز میں) دیکھا کہ آپ نے اپنی اس جگہ میں کچھ لیا (یعنی دوران نماز ہاتھ آسمان کی طرف بڑھا کر کسی چیز کو پکڑنے کا ارادہ فرمایا) پھر دیکھا کہ آپ پیچھے ہٹے (یعنی ان دونوں افعال کی کیا وجہ تھی ؟) (رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے جواب دیتے ہوئے ارشاد) فرمایا “میں نے “جنت“ ملاحظہ کی تو اس سے ایک خوشہ لینا چاہا، اگر لے لیتا تو تم رہتی دنیا تک کھاتے رہتے (کیونکہ جنت کی نعمتوں میں فنا نہیں ہے) اور میں نے آگ (یعنی دوزخ) دیکھی تو آج کی طرح گھبراہٹ والا منظر کبھی نہ دیکھا، میں نے اس میں عورتوں کی تعداد زیادہ دیکھی۔“ (مسلم شریف) 
پیارے اسلامی بھائیو! یہ ایک طویل حدیث پاک ہے لیکن میں نے ضرورتاً کچھ مختصر کرکے بیان کی ہے 
اگر آپ غور فرمائیں تو اس سے معلوم ہوا کہ ہمارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو بینائی میں بےحد وسعت عطا کی گئی ہے چنانچہ چاہیں تو ساتوں آسمانوں کے اوپر اور کروڑوں میل دور واقع جنت کو دنیا میں کھڑے کھڑے نہ صرف ملاحظہ فرما لیں بلکہ ایسے قادر و مختار ہیں کہ اگر چاہیں تو ہاتھ بڑھا کر اس کی نعمتیں بھی حاصل کر سکتے ہیں اور جب یہ دونوں چیزیں آپ کے لئے صحیح حدیث سے ثابت ہیں تو پھر یہ اعتقاد رکھنا کہ آپ ہمیں مدینہ منورہ سے دیکھ سکتے ہیں۔ اور اللہ تعالٰی کی عطا کردہ نعمتوں کو اپنے غلاموں کو تقسیم فرما سکتے ہیں بالکل حق و درست ہے۔ 
(2) آپ نے ولادت شریف کے واقعات میں سنا کہ بوقت 
ولادت ایسا نور نکلا کہ جس کی برکت سے بی بی آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا نے ہزاروں میل دور شام کے محلات کو اپنی چشمان ظاہری سے ملاحظہ فرما لیا۔ تو جب نور سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی برکت سے والدہء محترمہ کی نگاہوں میں اتنی وسعت پیدا ہو گئی تو پھر خود اس سراپا نور کی بصارت کا عالم کیا ہو گا، اس کا اندازہ کرنا کچھ زیادہ دشوار نہیں ہے۔ 
یہی وجہ ہے کہ 
مولانا امجد علی خاں رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ بہارشریعت (حصہ ششم) میں تحریر فرماتے ہیں “یقین جانو کہ حضور اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم سچی حقیقی و دنیاوی جسمانی حیات سے ویسے ہی زندہ ہیں جیسے وفات شریف سے پہلے تھے، ان کی اور تمام انبیاء علیھم السلام کی موت صرف وعدہء خدا عزوجل کی تصدیق کو، ایک آن کے لئے تھی ان کا انتقال صرف نظر عوام سے چھپ جانا ہے، امام محمد ابن حاج مکی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ “مدخل“ اور امام احمد قسطلانی “مواہب الدنیہ“ میں اور ائمہ دین رحمۃ اللہ تعالٰی علیھم اجمعین فرماتے ہیں، “حضور اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی حیات و وفات میں اس بات میں کچھ فرق نہیں کہ وہ اپنی امت کو دیکھ رہے ہیں اور ان کی حالتوں، ان کی نیتوں، ان کے ارادوں اور ان کے دلوں کے خیالوں کو پہنچانتے ہیں اور یہ سب حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر ایسا روشن ہے جس میں اصلاً (یعنی بالکل) پوشیدگی نہیں۔“ 
جاوید :- سبحان اللہ عزوجل یہ بات سن کر تو بہت ہی لذت و سرور حاصل ہوا۔ دل خوش ہو گیا۔ اچھا اب ایک اور سوال ہے۔ 
سوال:- بعض لوگ کہتے ہیں کہ اس موقع پر اتنا خرچ کرنے سے بہتر ہے کہ یہی رقم غریبوں کو دے دی جائے، اس طرح نہ جانے کتنوں کا بھلا ہو جائے گا۔ 
احمدرضا: پیارے اسلامی بھائیو! یہ صرف اور صرف ہمیں اپنے نبیء کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی خوشیاں منانے سے روکنے کی ایک ناکام کوشش ہے، آپ سے گذارش ہے کہ خود اس قسم کے جملے کہنے والوں کے گھر میں جب کوئی تقریب ہو رہی ہو تو یہی “مخلصانہ“ مشورہ انھیں بھی دے کر دیکھئے، کبھی بھی اپنی تقریب موقوف کرکے غریبوں کو پیسہ نہ دیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمارا بارھویں پر دل کھول کر خرچ کرنا دراصل اللہ تعالٰی عزوجل کے فضل و کرم اور انعامات کی بارشیں طلب کرنے کے لئے ہی ہوتا ہے۔ اور یہ بات سب جانتے ہی ہیں کہ جب بارش برستی ہے تو پھر ہر خاص و عام کو اس سے فیض پہنچتا ہے۔ مولود پاک کے صدقے نازل ہونے والی برکات سے بھرپور مدنی بارش کا حال اس روایت سے بخوبی جانا جا سکتا ہے کہ جسے امام احمد قسطلانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے “مواہب الدنیہ“ میں نقل فرمایا ہے کہ “طبرانی“ و “بیہقی“ وغیرہ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ تعالٰی عنہا سے نقل کرتے ہیں وہ فرماتی ہیں کہ “میں قبیلہ بنی سعد بن بکر کے ساتھ دودھ پلانے کے لئے کسی بچے کو لینے مکہء مکرمہ آئی یہ زمانہ شدید قحط سالی کا تھا آسمان سے زمین پر پانی کا ایک قطرہ نہ برستا تھا ہماری ایک مادہ گدھی تھی جو لاغری و کمزوری کی وجہ سے چل نہیں سکتی تھی ایک اونٹنی تھی جو دودھ کی ایک بوند نہ دیتی تھی میرے ساتھ میرا بچہ اور میرے شوہر تھے ہماری تنگی کا یہ عالم تھا کہ رات چین سے گزرتی تھی اور نہ دن آرام سے۔ جب ہمارے قبیلے کی عورتیں مکہ پہنچیں تو انھوں نے دودھ پلانے کے لئے تمام بچوں کو لے لیا، سوائے حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے۔ کیونکہ جب وہ یہ سنتی تھیں کہ وہ یتیم ہیں تو ان کے یہاں جاتی ہی نہ تھیں۔ کوئی عورت ایسی نہ رہی جس نے کوئی بچہ نہ لے لیا ہو صرف میں ہی باقی تھی اور حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے سواء کسی کو نہ پاتی تھی۔ میں نے اپنے شوہر سے کہا “واللہ عزوجل! بغیر بچے لیے مکہء مکرمہ سے لوٹنا مجھے اچھا معلوم نہیں ہوتا، میں جاتی ہوں اور اس یتیم بچے کو لئے لیتی ہوں، میں اسی کو دودھ پلاؤں گی۔“ ا سکے بعد میں گئی، میں نے دیکھا کہ حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم دودھ سے زیادہ سفید اونی کپڑے میں لپٹے ہوئے ہیں اور آپ سے مشک و عنبر کی خوشبوئیں لپٹیں مار رہی ہیں، آپ کے نیچے سبز ریشم بچھا ہوا ہے اور آپ خراٹے (آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے خراٹے بہت بلند نہ ہوتے تھے بلکہ بہت آہستہ آہستہ خراٹے لیتے، جس سے کسی کو تکلیف نہ ہوتی تھی۔) لیتے ہوئے اپنی گدی شریف پر محو خراب ہیں، میں نے چاہا کہ آپ کو نیند سے بیدار کر دوں مگر آپ کے حسن و جمال پر فریفتہ ہو گئی، پھر میں نے آہستہ سے قریب ہو کر اپنے ہاتھوں میں اٹھا کر اپنا ہاتھ آپ کے سینہء مبارکہ پر رکھا تو آپ نے تبسم فرما کر اپنی چشم مبارک کھول دی (ہمارے پیارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی شان ہے ورنہ ایسے موقع پر بچے عموماً روتے ہیں) میری طرف نظر کرم اٹھائی تو آپ کے چشمان مبارک سے ایک نور نکلا جو آسمان تک پرواز کر گیا میں نے آپ کی دونوں چشمان مبارک کے درمیان بوسہ دیا اور اپنی گود میں بٹھا لیا تا کہ دودھ پلاؤں، میں نے داہنا پستان آپ کے دہن مبارک میں دیا آپ نے دودھ نوش فرمایا پھر میں نے چاہا کہ اپنا بایاں دہن مبارک میں دوں تو آپ نے نہ لیا اور نہ پیا، حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ “حق تعالٰی نے آپ کو ابتدائی حالت میں ہی عدالت و انصاف ملحوظ رکھنے کا الھام فرما دیا تھا اور آپ جانتے تھے کہ ایک ہی پستان میں دودھ آپ کا ہے کیونکہ حلیمہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کا اپنا بیٹا بھی ہے۔“ 
حلیمہ سعدیہ رضی اللہ تعالٰی عنہا فرماتی ہیں کہ “اس کے بعد آپ کا یہی حال رہا کہ ایک پستان کو اپنے رضاعی (یعنی دودھ شریک) بھائی کیلئے چھوڑ دیا کرتے تھے، پھر آپ کو لے کر اپنے شوہر کے پاس آئی، وہ بھی آپ کے حسن و جمال مبارک پر عاشق ہو گئے اور سجدہ شکر ادا کیا، 
وہ اپنی اونٹنی کے پاس گئے دیکھا تو اس کے تھن دودھ سے بھرے ہوئے تھے حالانکہ پہلے ان میں ایک قطرہ بھی نہ تھا، انھوں نے دودھ دوہا، ہم سب نے سیر ہو کر پیا، اور خیرو برکت کے ساتھ اس رات چین کی نیند سوئے۔ اس سے پہلے بھوک و پریشانی میں نیند نہیں آتی تھی۔ میرے شوہر نے کہا “اے حلیمہ! بشارت و خوشخبری ہو کہ تم نے اس ذات گرامی کو لے لیا، تم نہیں دیکھتیں کہ ہمیں کتنی خیرو برکت حاصل ہوئی ہے یہ سب اس ذات مبارک کے طفیل ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ ہمیشہ اور زیادہ خیرو برکت رہے گی۔“ 
اس کے بعد سیدہ آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا نے مجھے رخصت کیا، 
میں اپنی مادہ گدھی پر آپ کو گود میں لے کر سوار ہوئی میری گدھی خوب چست و چالاک ہو گئی اور اپنی گردن اوپر تان کر چلنے لگی جب ہم کعبہ کے سامنے پہنچے تو اس نے تین سجدے کئے اور اپنے سر کو آسمان کی طرف اٹھا کر چلائی۔ پھر قبیلے کے جانوروں کے آگے آگے دوڑنے لگی، لوگ اس کی تیز رفتاری پر تعجب کرنے لگے، عورتوں نے مجھ سے کہا، “اے بنت ذویب! کیا یہ وہی جانور ہے جس پر سوار ہو کر ہمارے ساتھ آئی تھیں جو تمھارے بوجھ کو اٹھا نہیں سکتا تھا اور سیدھا چل تک نہ سکتا تھا ؟“ میں نے جواب دیا “واللہ عزوجل یہ وہی جانور ہے لیکن اللہ تعالٰی نے اس فرزند کی برکت سے اسے قوی و طاقت ور کر دیا ہے“ اس پر انھوں نے کہا “واللہ عزوجل! اس کی بڑی شان ہے۔“ میں نے اپنی گدھی کو جواب دیتے سنا کہ “ہاں ! خدا عزوجل کی قسم، میری بڑی شان ہے میں مردہ تھی مجھے زندگی عطا فرمائی، میں لاغر و کمزور تھی مجھے قوت و توانائی بخشی۔ اے بنی سعد کی عورتو! تم پر تعجب ہے کہ تم غفلت میں ہو اور تم نہیں جانتیں کہ میری پشت پر کون ہے ؟ میری پشت پر سیدالمرسلین، خیرالاولین والآخرین اور حبیب رب العلمین (صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم) ہیں “میں بکریوں کے جس ریوڑ کے پاس سے گزرتی، بکریاں سامنے آکر کہتیں “اے حلیمہ! تم جانتی ہو کہ تمھارا دودھ پینے والا کون ہے ؟ یہ محمد صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم آسمان و زمین کے رب عزوجل کے رسول (صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم) اور تمام بنی آدم میں افضل ہیں۔“ ہم جس منزل پر قیام کرتے حق تعالٰی اسے سرسبز شاداب فرما دیتا باوجود کہ وہ قحط سالی کا زمانہ تھا اور جب ہم بنی سعد میں پہنچ گئے تو کوئی اس سے زیادہ خشک اور ویران نہ تھا لیکن جب میری بکریاں چراگاہ میں جاتیں تو شام کو خوب شکم سیر، تروتازہ اور دودھ سے بھری ہوئی لوٹتیں۔ تو ہم ان کا دودھ نکالتے خود بھی سیر ہو کر پیتے اور دوسروں کو بھی پلاتے ہماری قوم کے لوگ اپنے چرواہوں کو کہتے کہ “تم اپنی بکریوں کو ان چراگاہوں میں کیوں نہیں چراتے جس چراگاہ میں بنت ابی ذویب (یعنی حلیمہ رضی اللہ تعالٰی عنہا) کی بکریاں چرتی ہیں۔“ حالانکہ وہ نہ جانتے تھے کہ ہمارے گھر میں یہ خیرو برکت کہاں سے آئی ہے، یہ برکت و افروانی، غیبی چراگاہ“ اور “کسی اور چارہ سے“ تھی۔ اس کے بعد قو کے دیگر چرواہوں نے ہمارے چرواہوں کے ساتھ بکریاں چرانی شروع کر دیں یہاں تک کہ حق تعالٰی نے ان کے اموال اور ان کی بکریوں میں بھی خیرو برکت پیدا فرما دی اور حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی وجہ سے تمام قبیلے میں خیرو برکت پھیل گئی۔“ 
پیارے اسلامی بھائیو! 
آپ نے ملاحظہ فرمایا کہ خدمت کی سعادت تو سیدہ حلیمہ رضی اللہ تعالٰی عنہا نے حاصل کی تھی لیکن جب اس کے بدلے میں بارش کرم برسی تو ہر ایک نے خوب خوب اس سے اپنا اپنا حصہ حاصل کیا، اسی طرح جب ہم بھی مولود پاک کی خوشیاں منا کر اللہ تعالٰی کی رحمت کے دروازے پر مدنی دستک دیتے ہیں تو اس کا دریائے کرم جوش میں آتا ہے اور پھر ہر ایک کو اس کے اخلاص و جذبے کے مطابق حصہء رحمت و برکت عطا کر دیا جاتا ہے۔ بلکہ امام جوزی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ تو ارشاد فرماتے ہیں کہ “میلاد شریف کی یہ تاثیر ہے کہ اس کی برکت سے سال بھر امن رہتا ہے۔“ (روح الییان) 
جاوید: الحمدللہ عزوجل! یہ مسئلہ بھی حل ہو گیا بس اب آخری سوال وہ یہ کہ :- 
سوال: یہ بتائیے کہ بعض لوگوں کی یہ بات کہاں تک درست ہے کہ اگر بارھویں شریف کو جائز مان بھی لیا جائے تو چونکہ ا سکی وجہ سے عوام الناس کثیر غلطیوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں لٰہذا اس سلسلے کو بند کر دینا چاہئیے۔ مثلاً بہت سے لوگ ان دنوں میں بلند آواز سے گانا لگا لیتے ہیں، کہیں زبردستی چندہ کیا جاتا ہے، کسی مقام پر جانوروں اور خیالی بزرگوں کی بڑی بڑی تصاویر آویزاں کر دی جاتی ہیں، کہیں ہندؤوں کی رسم کے مطابق ایک دوسرے پر رنگ پھینکا جاتا ہے، کہیں جلوسوں میں سیٹیاں اور تالیاں بج رہی ہوتی ہیں، کہیں دوران جلوس ڈھول کی تھاپ پر نوجوان محو رقص ہوتے ہیں بعض اوقات کھانا، تھیلیوں میں بھر کر پھینکا جاتا ہے، جس کی بناء پر رزق کی بےحرمتی ہوتی ہے اور اس کے علاوہ عورتوں اور مردوں کا اختلاط بھی دیکھا گیا ہے؟“ 
احمدرضا: پیارے اسلامی بھائیو! اگر صرف عوام الناس کے برے عمل کی وجہ سے عبادات و معاملات کو ترک کر دے جانے کا ضابطہ بنا دیا جائے تو پھر تو ہمارے تمام کاروبار زندگی رک جائیں گے کیونکہ آج کل کونسا ایسا دینی یا دنیاوی کام ہے کہ جس کی ادائیگی کے وقت عوام الناس اغلاط میں مبتلا نہ ہوتے ہوں ؟ جیسا کہ شادی کرنا سنت مبارکہ ہے لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ شادی تو جائز ہے لیکن اس کی وجہ سے چونکہ کثیر گناہ ہوتے ہیں مثلاً تصویریں کھنچی جاتی ہیں، عورتوں مردوں کا اختلاط ہوتا ہے، رقص و سرور کی محافل قائم کی جاتی ہیں، دولہا کو مہندی لگائی جاتی ہے، اور لگانے والی بھی نامحرم ہوتی ہے، دولہا کو سونا پہنایا جاتا ہے، گانوں کی صورت میں ایک دوسرے کو فحش گالیاں دی جاتی ہیں وغیرہ وغیرہ۔ چنانچہ اب شادی کا سلسلہ بند ہو جانا چاہئیے کیا خیال ہے آپ اس کی بات مان لیں گے ؟ 
جاوید: بالکل نہیں۔ 
احمدرضا: تو پھر آپ ایسے شخص کو کیا جواب دیں گے ؟ 
جاوید: یقیناً یہی کہیں گے کہ شادی جائز ہے چنانچہ اسے ترک نہ کیا جائے بلکہ لوگوں کو حرام کام سے روکنے کی کوشش کریں۔ 
احمدرضا: شاباش، میری بھی یہی عرض ہے کہ 
بارھویں شریف محبوب کبریا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی نسبت سے بابرکت اور بابرکت بنانے والی ہے لٰہذا اسے ترک نہ کیا جائے بلکہ خطاؤں میں مبتلا اسلامی بھائیوں کو شفقت سے سمجھایا جائے، اللہ تعالٰی کی ذات پاک سے امید ہے کہ ہمارے محبت بھرے انداز سے سمجھانے کی برکت سے ایک دن تمام اسلامی بھائی بھی عین شریعت کے مطابق بارھویں شریف منانے میں کامیاب ہو جائیں گے 
شاید آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ میرا تعلق سنتوں کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک “دعوت اسلامی“ سے ہے جس کے امیر ایک بہت بڑے عاشق رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم اور اللہ تعالٰی کی بارگاہ کے ایک مقبول ولی ہیں ان کا نام محمد الیاس قادری مدظلہ العالی ہے۔
دعوت اسلامی کے روحانی اور بابرکت ماحول سے باقاعدہ وابستگی سے پہلے ہمیں بھی اس کا کچھ شعور حاصل نہ تھا چنانچہ جیسا ذہن میں آتا الٹے سیدھے طریقوں سے خوشی کا اظہار کر لیا کرتے تھے، لیکن الحمدللہ عزوجل! جب امیر اہلسنت امیر دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس قادری مدظلہ العالی کی صحبت و تربیت میں آنے کی سعادت حاصل ہوئی تو آپ کی حکمت اور دانائی نے ہمارے ذہنوں میں ان دنوں کو عین اسلامی طریقے کے مطابق گزارنے کا انقلابی شعور بیدار کر دیا، چنانچہ آپ بھی اس مرتبہ بارھویں شریف، دعوت اسلامی کے پاکیزہ ماحول کے ساتھ منا کر دیکھیں، انشاءاللہ عزوجل، بہت ہی زیادہ سرور و اطمینان محسوس کریں گے کیونکہ ہمارے ماحول میں کوئی عمل خلاف شرع نہیں کیا جاتا جیسے ہی ربیع الاول شروع ہوتا ہے ہم اپنے گھروں گلیوں محلوں گاڑیوں اور دکانوں کو قمقوں اور جھنڈوں وغیرہ سے سجانا شروع کر دیتے ہیں، ساتھ ساتھ ہی چوک اجتماعات اور نعتیہ محافل کے ذریعے اسلامی دوسرے بھائیوں کو بھی اسکی ترغیب دیتے ہیں۔ ہمارے امیر اہلسنت امیر دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم عالیہ، بارھویں شریف منانے کا خصوصی اہتمام فرماتے ہیں چنانچہ اس “عاشقوں کی عید“ پر حتی الامکان ہر چیز نئی خریدنے کی کوشش فرماتے ہیں مثلاً لباس، چادر، رومال، عمامہ، ٹوپی، سربند، تسبیح، پین، مسواک، گھڑی، جوتی، یہاں تک کہ بنیان و ازاربند تک نیا لیتے ہیں۔ اور اپنے بیانات اور تحریروں کے ذریعے بھی اسلامی بھائیوں کو بارھویں شریف خوب دھوم دھام کے ساتھ منانے کی ترغیب ارشاد فرماتے رہتے ہیں۔
بارہ ربیع الاول کی رات، اجتماع منعقد کیا جاتا ہے، جس میں اصلاحی انداز میں ولادت کے واقعات اور فضائل و کمالات سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم بیان کئے جاتے ہیں، پھر نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوتا ہے جو سحری تک جاری رہتا ہے اجتماع گاہ میں ہی کثیر سحری کا انتظام کیا جاتا ہے۔ تمام شرکاء اسلامی بھائی سحری کرتے ہیں اور بارھویں شریف سنت کے مطابق روزہ رکھ کر مناتے ہیں۔ دن میں عموماً ظہر کی نماز کے بعد جلوس نکالے جاتے ہیں۔ ہمارے جلوس انتہائی پر امن اور منکرات سے پاک و صاف ہوتے ہیں۔ ماحول سے وابستہ اسلامی بھائی سنت کے مطابق سفید لباس میں ملبوس نظر آتے ہیں، سر پر عمامہء مقدسہ کا تاج اور ہاتھوں میں سبز سبز جھنڈے ہوتے ہیں، درود و سلام اور نعتیں پڑھتے ہوئے جس مقام سے گزرنا ہو انتہائی منظم طریقے سے گزرتے ہیں۔ اس نظم و ضبط اور شرعی تقاضوں کی رعایت کی برکت سے “ساتھ چلنے والے ماحول سے غیر وابستہ اسلامی بھائی“ بھی غلطیوں اور گناہوں سے بچ جاتے ہیں، دیکھا گیا ہے کہ[ بعض اوقات ہمارے جلوس کی نورانیت کو دیکھ کر لوگوں کی آنکھوں سے بےاختیار آنسو جاری ہو جاتے ہیں۔

امیر اہلسنت مدظلہ العالی بھی ہر سال باقاعدگی کے ساتھ جلوس میں شرکت فرماتے ہیں۔ آپ کا جلوس بارہ تاریخ کو ظہر کی نماز کے بعد شہید مسجد کھارادر (کراچی) سے روانہ ہوتا ہے، “بلا مبالغہ پاکستان بھر میں باعمل اسلامی بھائیوں کا یہ سب سے بڑا جلوس ہوتا ہے“، اس کا اختتام دعوت اسلامی کے عالمی مرکز فیضان مدینہ پر ہوتا ہے۔ 
جاوید: 
سبحان اللہ عزوجل! آپ کے ماحول میں جس انداز سے مولود پاک کی خوشیاں منائی جاتی ہیں مجھے تو یہ بہت ہی پسند آیا ہے اور میں نے پختہ ارادہ کر لیا ہے کہ انشاءاللہ تعالٰی اس مرتبہ بارھویں شریف خوب دھوم دھام سے مناؤں گا اور دعوت اسلامی کے ماحول کے ساتھ مناؤں گا۔“ 
باقی دوست: انشاءاللہ تعالٰی! “ہم سب بھی اس مرتبہ ماحول کے ساتھ ہی میلاد پاک منائیں گے۔“ 
احمدرضاصرف بارھویں کے موقع پر نہیں بلکہ ہمارا اور آپ کا محبت اور اپنائیت کا یہ تعلق تو اب تاحیات قائم رہنا چاہئیے۔ 
جاوید: 
بےشک بےشک یہ تو ہمارے لئے بہت بڑی سعادت ہو گی، کہ آپ جیسے نیک لوگ اگر ہم پر نگاہ شفقت فرماتے رہیں گے تو انشاءاللہ عزوجل، ہم گناہ گاروں کا بھی بیڑہ پار ہو جائے گا۔ یقین کیجئے آپ سے ملاقات سے پہلے بارھویں شریف سے متعلق عجیب عجیب خیالات اور وسوسے دل میں موجود تھے، لیکن آپ کے اپنا قیمتی وقت دینے کی برکت سے الحمدللہ عزوجل، اب ہمارے دلوں میں نہ صرف بارھویں شریف منانے کا جذبہ بیدار ہو چکا ہے بلکہ اپنے پیارے نبی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی جتنی محبت آج ہمارے دلوں میں پیدا ہوئی ہے، بری صحبت کی نحوست کی بناء پر اللہ تعالٰی نے اس سے پہلے ہمیں محروم فرمایا ہوا تھا، بلکہ میں تو کہتا ہوں کہ اگر پہلی والی حالت ہی میں ہمیں موت آ جاتی، تو ہمارا انجام بہت برا ہونا تھا، اللہ تعالٰی آپ کو بہت بہت جزائے خیر عطا فرمائے کہ آپ نے ہمیں تباہی سے بچا لیا۔ 
جانی:- یہ ساری نحوست اسی شیطان کی ہے جو ہمارے محلے میں رہتا ہے، اسی خبیث نے ہمارے دلوں میں یہ وسوسے پیدا کیے تھے اور وہی ہمیں نبیء پاک صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی گستاخی پر ابھارا کرتا تھا، اب اگر وہ میرے پاس آیا تو اس کے دانت توڑ دوں گا۔ 
احمدرضا: ماشاءاللہ عزوجل! گستاخان رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے متعلق ایسے ہی جذبات ہونے چاہئیں کیونکہ یہ ایمان کامل کی واضح نشانی ہے۔ جیسا کہ سرکار مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ “جو کسی سے اللہ تعالٰی کیلئے محبت رکھے، اللہ تعالٰی ہی کیلئے دشمنی رکھے، اللہ تعالٰی کے لئے دے اور اللہ تعالٰی ہی کیلئے منع کرے تو اس نے اپنا ایمان کامل کر لیا۔“ (مشکوٰۃ) 
لیکن اگر اس قسم کے دشمنان رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کو جلا جلا کر مارا جائے تو اس کا مزہ کچھ اور ہی ہے، اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ نہ صرف ہم خود، اللہ تعالٰی اور اس کے محبوب صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی رضا کی خاطر، خوب خوب خوشیاں منائیں بلکہ انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ اپنے پورے محلے بلکہ پورے شہر کے ہر ہر مسلمان بھائی کے ذہن میں اس کا شعور بیدار کریں، جب ازلی بدبخت و محروم، جشن سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی یہ دھوم دھام دیکھیں گے تو انشاءاللہ تعالٰی خود ہی سڑ سڑ کر ہلاک ہو جائیں گے۔ 
“حشر تک ڈالیں گے ہم پیدائش مولا کی دھوم
مثل فارس نجد کے قلعے گراتے جائیں گے

انشاءاللہ عزوجل 
جاوید: آپ سے جدا ہونے کو دل تو نہیں چاہ رہا، لیکن آپ کی یقیناً دوسری بھی مصروفیات ہوں گی آپ پہلے ہی ہمیں بہت زیادہ وقت دے چکے ہیں۔ مگر اس سے پہلے کے ہم جدا ہوں میں آپ کی خدمت میں ایک سوال اور ایک درخواست پیش کرنا چاہتا ہوں، امید ہے کہ جہاں اتنی شفقت فرمائی ہے، مذید بھی فرمائیں گے۔ 
احمدرضا: (مسکراتے ہوئے) ارشاد فرمائیں۔

جاوید: سوال تو یہ ہے کہ آپ تعارف کے وقت غمگین کیوں ہو گئے تھے ؟ اور درخواست ہے کہ جاتے جاتے ہمیں کوئی نصیحت ضرور ارشاد فرمائیں۔ 
احمدرضا: بات دراصل یہ تھی کہ جب آپ نے سب کا تعارف کروایا تو مجھے پیارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی چند احادیث مبارکہ یاد آ گئیں تھی جن کی بناء پر دل غمگین ہو گیا تھا۔ 
جاوید: ہمیں بھی سنائیے وہ کون سی احادیث تھیں ؟ 
احمدرضا: آپ لوگ ناراض تو نہیں ہو جائیں گے ؟ 
جاوید: ارے، یہ آپ کیا فرما رہے ہیں، ناراض ہو کر ہمیں ہلاک ہونا ہے ؟ 
احمدرضا: اچھا تو سنئیے وہ احادیث یہ تھیں (1) ابوداؤد میں ہے کہ مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا انبیاء (علیھم السلام) کے نام پر نام رکھو۔
(2)دیلمی میں رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے کہ “اچھوں کے نام پر نام رکھو۔
“ 
(3) مسند امام احمد میں ہے کہ شاہ مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا “قیامت کے دن تم کو تمھارے نام اور تمھارے باپوں کے نام سے پکارا جائے گا لٰہذا اچھے نام رکھو۔“
(4) اور بخاری و مسلم میں آپ کا فرمان عالیشان ہے کہ “میرے نام پر نام رکھو۔
“ 
اب غمگین ہونے کی وجہ یہ تھی کہ آپ میں سے کسی کا نام بھی ان احادیث کے معیار پر پورا نہیں اترتا سب کے سب غیر اسلامی نام ہیں۔ 
(اسلامی ناموں کے سلسلے میں مکمل رہنمائی کیلئے اعلٰی حضرت رضی اللہ تعالٰی عنہ کی تصنیف النور و الضیاء فی احکام بض الاسماء کا ضرور ضرور مطالعہ فرمائیے) 
مثلاً پرویز، ایک بہت بڑے گستاخ رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کا نام تھا، یہ وہ بدبخت تھا کہ جب سرکار صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے دعوت اسلام پر مشتمل مکتوب مبارک اس کے پاس پہنچا تو اس نے ہمارے پیارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے نام مبارک کو غصے میں چاک کرنے کی ناپاک جسارت کی تھی۔ 
جاوید: دراصل اس میں ہمارا قصور نہیں ہے، ہم نے جن گھرانوں میں آنکھ کھولی ہے، ان میں اسی قسم کے نام رکھ کر فخر کیا جاتا ہے۔ بہرحال آپ نے نشاندہی فرمائی ہے تو واقعی میں تو شرم محسوس کر رہا ہوں، اب آپ ارشاد فرمائی، ہمارے لئے کیا حکم ہے ؟ آپ جیسا فرمائیں گے، ہم ویسے ہی کریں گے۔ 
احمدرضا: پیارے پیارے اور اچھے اچھے اسلامی بھائیو! ترمذی شریف میں 
سیدہ عائشہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کا فرمان عالی شان ہے کہ “سرکار مدینہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم برے ناموں کو بدل دیتے تھے“ چنانچہ آپ سب بھی اپنا اپنا نام بدل دیں۔ 
جاوید: تو اس سلسلے میں بھی آپ ہی ہماری رہنمائی فرمائیے۔ 
احمدرضا: میں نے اپنے
 امیر اہلسنت مدظلہ العالی کو اس سنت پر بھی بڑی استقامت کے ساتھ عامل پایا ہے، آپ جب بھی اس قسم کے نام ملاحظہ فرماتے ہیں تو شفقت و حکمت کے ساتھ تبدیل فرما دیتے ہیں چنانچہ میرا مدنی مشورہ ہے کہ آپ سب اس اتوار کو میرے ساتھ فیضان مدینہ چلئے (دعوت اسلامی کا عالمی مرکز جو سبزی منڈی کراچی میں واقع ہے) حضرت صاحب، کراچی میں موجود ہونے کی صورت میں، ہر اتوار کو عشاء کے بعد عام ملاقات فرماتے ہیں، ان کی خدمت میں درخواست کریں گے، انشاءاللہ عزوجل، آپ سب کیلئے وہ پیارے پیارے مدنی نام تجویز فرما دیں گے، بزرگوں سے نام رکھوانے میں بڑی برکت ہوتی ہے۔ 
جاوید: چلیں یہ ٹھیک ہے، اس طرح ایک، اللہ تعالٰی کے ولی کی زیارت بھی ہو جائے گی اچھا اب وہ نصیحت والی درخواست ؟ 
احمدرضانصیحت والا معاملہ بھی حضرت صاحب کی خدمت میں پیش کرنا مناسب ہے، کیونکہ ان کی زبان حق ترجمان سے نکلنے والے الفاظ پراخلاص پر عمل پیرا ہونے کی برکت سے، انشاءاللہ عزوجل دنیا و آخرت میں فلاح و کامرانی حاصل کرنا کچھ بھی دشوار نہ رہے گا۔ 
ہاں میں، آپ سب کی خدمت میں اتنی درخواست ضرور کروں گا کہ
آپ ہر ہفتے کے دن (اسی طرح دعوت اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع تقریباً ملک بھر تمام چھوٹے بڑوں شہروں میں منعقد ہوتے ہیں) مغرب کی نماز کے بعد، دعوت اسلامی کے عالمی مرکز فیضان مدینہ (کراچی) میں منعقد ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں ضرور ضرور شرکت فرمائیے بلکہ اسے اپنے اوپر لازم کر لیجئے، انشاءاللہ عزوجل کچھ عرصہ پابندی سے شرکت فرمانے کے بعد آپ خود اس بات کو اچھی طرح جان لیں گے کہ ایمان کی حفاظت اور آخرت میں کامیابی کے سلسلے میں جن جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے وہ ماحول کی برکت سے باآسانی حاصل ہو سکتی ہیں اسی عالمی مرکز فیضان مدینہ میں ہر اتوار کو اسلامی بہنوں کا اجتماع بھی منعقد ہوتا ہے، چنانچہ اگر ممکن ہو تو اپنے گھر کی اسلامی بہنوں کو بھی شرکت کی دعوت دیدیجئے گا۔ اور ہاں اگر ایمان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو کثیر علم دین حاصل ہو جائے، بےشمار صغیرہ کبیرہ گناہوں سے محفوظ ہو جائیں، اللہ تعالٰی کی جانب سے عبادات و نیک اعمال پر استقامت کی دولت عطا کر دی جائے، پیارے آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی بےشمار سنتیں سیکھ کر ان پر عمل پیرا ہونے کی سعادت بھی مل جائے اور “انبیاء علیہم السلام اور صحابہءکرام رضی اللہ تعالٰی عنھم کی سنت کی مطابق سنتیں سیکھانے کی توفیق رفیق بھی آپ کی قسمت میں لکھ دی جائے۔ تو دعوت اسلامی کے سنتوں کی تربیت کے لئے “اندرون اور بیرون ملک“ روانہ ہونے والے مدنی قافلوں میں بھی شرکت کو نہایت ضروری و لازم تصور کیجئے۔ الحمدللہ عزوجل! دعوت اسلامی کے قافلے تین دن، بارہ دن، تیس دن اور سال بھر کیلئے مختلف مقامات پر جاکر مدنی انقلاب برپا کر رہے ہیں، آپ بھی کم از کم ہر ماہ میں 3دن، مذید موقع ملے تو 12دن، سال میں کم از کم 30دن اور پوری عمر میں یکمشت 12ماہ کیلئے کسی مدنی قافلے کے ساتھ سفر کرنے کی سعادت ضرور حاصل کیجئے۔ بلکہ میرا مدنی مشورہ ہے کہ اس بارہ ربیع النور شریف کے مبارک مہینے میں کسی مدنی قافلے میں شرکت کرکے اس کا ثواب بارگاہ رسالت صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم میں پیش کرنے کی سعادت کے حصول کی کوشش کیجئے۔ انشاءاللہ عزوجل! اس مبارک طریقے کی برکت سے بارھویں شریف کی برکات سے مکمل طور پر فیض یاب ہونے میں بےحد مدد ملے گی۔

جاوید: (مع رفقاء) 
سبحان اللہ عزوجل! آپ نے جن فوائد کا ذکر فرمایا ہے ان کی حصول کیلئے ہم پختہ ارادہ کرتے ہیں کہ نہ صرف اجتماع میں پابندی سے شرکت کریں گے بلکہ اس بار بارھویں شریف کے مہینے میں دعوت اسلامی کے سنتوں کی تربیت کیلئے روانہ ہونے والے مدنی قافلے میں بھی شرکت ہونے کی سعادت حاصل کریں گے اور انشاءاللہ عزوجل آج کے بعد ہمارا جینا مرنا صرف اور صرف دعوت اسلامی کے ماحول کے ساتھ ہو گا۔