Tuesday, February 05, 2013

Biddat ( Biddah)


البدعۃ عند الائمۃ و المحدثین
تصور بدعت کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے اس  میں ائمہ و محدّثین کے نزدیک بدعت کی تقسیم بیان کی گئی ہے۔ اکابر ائمہ اسلام نے کتاب و سنت اور آثارِ صحابہ کے ذریعے اس حقیقت کو واضح کیا ہے کہ ہر بدعت ناجائز اور حرام نہیں ہوتی بلکہ صرف وہ بدعت ناجائز ہوتی ہے جس کی کوئی اصل، مثال یا نظیر کتاب و سنت میں موجود نہ ہو اور وہ شریعت کے کسی حکم کے واضح طور پر مخالف اور متضاد ہو۔ لیکن اس کے برعکس جو نیا کام احکام شریعت کے خلاف نہ ہو بلکہ ایسے امور میں داخل ہو جو اصلًا حسنات و خیرات اور صالحات کے زمرے میں آتے ہیں تو ایسے جملہ نئے کام محض لغوی اعتبار سے ’’بدعت‘‘ کہلائیں گے کیونکہ ’بدعت‘ کا لغوی معنی ہی ’’نیا کام‘‘ ہے ورنہ وہ شرعًا نہ تو بدعت ہوں گے اور نہ ہی مذموم اور نہ باعث ضلالت ہوں گے وہ مبنی بر خیر ’’امورِ حسنہ‘‘ تصور ہوں گے۔
تصورِ بدعت کے حوالے سے یہ بات ذہن نشین رہنی چاہئے کہ بعض اوقات ایک کام محض لغوی اِعتبار سے بدعت ہوتا ہے شرعی اِعتبار سے نہیں بعض لوگ کم فہمی کی وجہ سے بدعتِ لغوی کو ہی بدعتِ شرعی سمجھ کر حرام کہنے لگتے ہیں۔ لفظِ بدعت، چونکہ بَدَعَ سے ہے جس کے معنی ’’نیا کام‘‘ کے ہیں۔ اسلئے لُغوی اعتبار سے ہر نئے کام کو خواہ اچھا ہو یا برا، صالح ہو یا فاسد، مقبول ہو یا نا مقبول بدعت کہہ دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ علماء اسلام نے بدعت کی ایک اصولی تقسیم یہ کی ہے کہ اسے بنیادی طور پر بدعت لغوی اور بدعتِ شرعی، دو اقسام میں منقسم کیا ہے اور بدعت کو بلا امتیاز و بلا تفریق صرف ایک ہی اکائی سمجھ کر ہر نئے کام کو جو عہدِ رسالتِ مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا عہدِ صحابہ کے بعد ایجاد ہوا یا رواج پذیر ہوا، مذموم، حرام اور باعث ضلالت قرار نہیں دیا۔ بلکہ کسی نئے کام کو ’’بدعۃِ لغویہ‘‘ کے زمرے میں لکھا ہے اور کسی کو ’’بدعۃِ شرعیۃ‘‘ کے زمرے میں اور صرف بدعتِ شرعیۃ کو ہی بدعتِ ضلالت قرار دیا ہے جبکہ بدعتِ لغویہ کو بالعموم بدعتِ حسنہ تصور کیا ہے۔
اس تقسیم کو صراحۃً بیان کرنے والوں میں منجملہ کثیر ائمہ دین اور علماء اعلام کے ابن تیمیہ، ابن کثیر، ابن رجب حنبلی، علامہ شوکانی اور علامہ بھوپالی سے لیکر شیخ عبد العزیز بن باز تک ایک خاص نقطۂ نظر رکھنے والے علماء بھی شامل ہیں۔ یہی تمام تفصیلات زیرِ نظر کتابچہ میں درج کی گئی ہیں۔ لہٰذا کسی بھی نئے عمل کی حلت و حرمت کو جانچنے کے لئے اسے دلیلِ شرعی کی طرف لوٹایا جائے گا۔ اگر وہ عمل موافقِ دلیل ہو تو ’’بدعتِ حسنہ‘‘ کہلائے گا اور اگر مخالفِ دلیل ہو تو ’’بدعتِ سیئہ‘‘ یا ’’بدعتِ مذمومہ‘‘۔
مختصراً یہ کہ بدعت کے در اصل دو اِطلاقات ہیں : ایک شرعی اور دوسرا لغوی۔ شرعی اِطلاق میں بدعت ’’محدثات الامور‘‘ کو شامل ہے اور یہی ’’بدعتِ سیّئہ‘‘ ہے۔ سو اس معنی میں ’’کل بدعۃ ضلالۃٌ‘‘ درست ہے، کیونکہ اس کا معنی و مراد ہی ’’کل بدعۃٍ سیّئۃٍ ضلالۃٌ‘‘ ہے۔ لیکن لغوی اِطلاق میں بدعت کی تقسیم ہوگی۔ اگر وہ مخالفِ دلیلِ شرعی یا منافی و ناسخِ سنّت ہو تو خود بخود ’’بدعت شرعی‘‘ ہو جائے گی اور وہی ’’بدعتِ سیّئہ‘‘ ’’بدعتِ مذمومہ‘‘ یا ’’بدعتِ ضلالۃ‘‘ ہوگی اگر مخالفِ شریعت نہ ہو اور نہ ہی ناسخِ سنّت ہو تو وہ مباح اور جائز ہوگی۔ پھر اس کی اہمیت و ضرورت اور افادیت و مصلحت کے اعتبار سے اس کی مزید درجہ بندی ہوگی، سو یا وہ فقط بدعتِ مباحہ ہوگی، یا بدعتِ مندوبہ (مستحبّہ) ہوگی یا بدعتِ واجبہ یعنی صورۃً وھیئۃً تو وہ کوئی نیا کام ہوگا مگر اصلًا و دلالۃً وہ امرِ خیر اور امر صالح ہوگا جسے شریعتِ اسلامیہ کے عمومی دلائل و احکام کی اصولی تائید میسّر ہوگی۔ اسی لئے تمام ائمہ و محدثین اور فقہاء و محققین نے ہر زمانے میں بدعت کی یہ تقسیم بیان کی ہے۔
اگر ہر نیا کام جو عہدِ رسالت مآب اور عہدِ صحابہ میں متداول اور معمول بہ نہ تھا محض اپنے نئے ہونے کی وجہ سے ناجائز قرار پائے تو تعلیماتِ دین اور فقہ اسلامی کا بیشتر حصہ ناجائز کے زمرے میں آجائے گا اور اجتہاد کی ساری صورتیں، قیاس، استحسان، مصالح مرسلہ، استحصاب، استدلال اور استنباط کی جملہ شکلیں ناجائز کہلائیں گی۔ اسی طرح دینی علوم و فنون مثلاً اُصولِ تفسیر، اصول حدیث، فقہ و اُصولِ فقہ، ان کی تدوین، اور ان کو سمجھنے کے لئے صرف و نحو، بلاغت و معانی، منطق و فلسفہ اور دیگر معاشرتی و معاشی جملہ علوم خادمہ جو فہمِِ دین کے لئے ضروری اور عصری تقاضوں کے مطابق لابدی ہیں ان کا سیکھنا، سکھانا بھی حرام قرار پائے گا کیونکہ یہ سب علوم و فنون اپنی موجودہ شکل میں نہ عہدِ رسالت میں موجود تھے نہ ہی عہدِصحابہ کرام میں، انہیں تو بعد میں ضرورت کے پیش نظر وضع اور مرتب کیا گیا۔ یہ تمام علوم و فنون اپنی ہیئت، اصول، اصطلاحات، تعریفات اور قواعد و ضوابط کے اعتبار سے نئے ہیں اس لئے بلا شک و شبہ بدعتِ لغوی کے زمرے میں آتے ہیں۔
اگر ہر نیا کام بدعتِ شرعی اور ضلالت و گمراہی قرار پائے تودینی مدارس کی مروجہ تعلیم و تدریس اور نصابات کا بیشتر حصّہ بھی گمراہی قرار پائے گا کیونکہ موجودہ درس نظامی کے نصابات کے مطابق درس و تدریس نہ تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ اقدس میں تھی اور نہ ہی اس طرح کسی صحابی نے تعلیم حاصل کی تھی ان کا طریقہ نہایت سادہ تھا فقط قرآن و حدیث کا سماع و روایت، بلکہ قرآن حکیم کی موجودہ شکل میں طباعت و زیبائش سے لیکر حرم کعبہ اور مساجد کی پختہ تعمیر اور تزئین و آرائش تک بہت سے معاملات کا جواز بھی مجروح اور ساقط ہو جائے گا۔
اسی طرح یہ امر بھی نہایت اہم ہے کہ اگر کسی مسئلہ کا کوئی حل قرآن مجید اور سنّت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دونوں سے نہ ملے تو ’’اجتہاد‘‘ کرنا، یہ حکم نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور یہ حکم از خود نئے کام کو جو قرآن و سنّت میں نہ تھا محض خیر اور دینی ضرورت و مصلحت کی بنا پر نہ صرف جواز فراہم کر رہا ہے بلکہ خود اس عملِ اجتہاد کو بھی سنّت بنا رہا ہے۔ اس حقیقت پر حدیثِ معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ شاہد عادل ہے۔ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن کا قاضی بنا کر بھیجتے وقت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اُن سے پوچھا :
کيف تقضي إذا عرض لک قضاء قال : أقضي بکتاب اﷲ قال : فإن لم تجده في کتاب اﷲ قال : أقضي بسنة رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم قال : فإن لم تجده في سنة رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم قال : أجتهد برأي لا آلو قال : فضرب بيده في صدري و قال : الحمد ﷲ الذي وفّق رسول رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم لما يرضي رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم.
(اے معاذ) جب آپ کے سامنے کوئی معاملہ پیش کیا جائے گا تو آپ کس طرح اس کا فیصلہ کریں گے؟ تو انہوں نے عرض کیا : میں کتاب اﷲ کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اگر تو اس معاملے کو کتاب اﷲ میں نہ پائے تو اس پر حضرت معاذ رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ پھر میں سنت رسول کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ پھر حضور علیہ الصلاۃ و السلام نے فرمایا : اگر تو اس معاملے کا حل سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی نہ پائے تو انہوں نے عرض کیا کہ پھر میں اپنی رائے سے اجتہاد کروں گا اور کوئی کوتاہی نہیں کروں گا۔ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا دستِ شفقت میرے سینے پر مارا اور فرمایا تمام تعریفیں اس خدا کی ہیں جس نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نمائندہ کو ایسی توفیق بخشی جو اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا کا سبب ہے۔‘‘
1. ترمذي، الجامع الصحيح، ابواب الأحکام، باب ما جاء في القاضي، 3 : 616، رقم : 1327
2.
بيهقي، السنن الکبريٰ، 10 : 114، رقم : 20339
مذکورہ حدیثِ مبارکہ میں حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کے الفاظ ’’أَجْتَهِدُ بِرَأْي‘‘ اور اس پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ’’الحمد ﷲ الَّذي وفّق رسول رسول اﷲ لما يرضٰی رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم‘‘ سے ثابت ہوتا ہے کہ جو امر قرآن و سنت میں نہ ہو بلکہ اِجتہاد اور رائے محمود کی بنیاد پر طے کیا جائے تو یہ نہ صرف مستحسن ہے بلکہ بارگہِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا منظور شدہ طریق ہے۔ یہی اصول ’’بدعت حسنہ‘‘ میں کار فرما ہے جو اس حدیثِ مبارکہ سے ثابت ہے۔
اس سے یہ اصول وضع ہوتا ہے کہ اگر نفس الامر اور اس کا حل خود قرآن و سنّت سے ثابت نہیں تو اس کے حل کا طریق جو مبنی بر ’’رایء و اجتہاد‘‘ ہے وہ تو سنّت سے ثابت ہے۔ لہٰذا ’’نفس الامر اور اس کا حل‘‘ نیا ہونے کی بنا پر تو ’’بدعت‘‘ ہوئے مگر اس حل کا طریقِ مشروع ہے اس لئے تابع سنّت ہوا۔ سو ’’نئے پن‘‘ نے اس عمل کو بدعتِ لغوی بنایا تھا اور طریق کی مشروعیت نے اسے بدعت حسنہ بنا دیا۔ یہی وہ دائمی اصول ہے جو دین اسلام کی تعلیمات کو زمانوں اور معاشروں کے بدلتے ہوئے حالات اور زندگی کے نئے تقاضوں کی تکمیل کے لئے ابدالاباد تک تحرک اور تسلسل دیتا ہے، اسی اصول کے باعث اسلامی نظام حیات میں جمود پیدا نہیں ہونے پاتا۔ یہی اصول اسلامی احکام کی دائمی اور متحرک عملیّت اور لا یزال مطابقیت برقرار رکھتا ہے جس سے اس نظام کی تازگی ہمیشہ قائم رہتی ہے۔
اسی وجہ سے جب کوئی مجتہد حاکم خلوص نیت کے ساتھ کوئی حکم استنباط کرتا ہے اور وہ حکم درست ہوتا ہے تو اسے اﷲ کی طرف سے دو اَجر ملتے ہیں اور اگر وہ حکم درست نہ ہو بلکہ غلط ہو تو بھی اس مجتہد کو اپنے اجتہاد پر ایک اجر ملتا ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
إذَا حَکَمَ الحَاکِمُ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ اَصَابَ فَلَه اَجْرَانِ وَ اِذَا حَکَمَ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ اَخْطَأَ فَلَه اَجْرٌ.
’’جب کوئی حاکم اجتہاد سے فیصلہ کرے اور صحیح فیصلہ کردے تو اس کے لئے دو اجر ہیں اور جب اجتہاد سے فیصلہ کرے اور اس سے غلطی ہو جائے تو بھی اس کے لئے ایک اجر ہے۔‘‘
بخاري، الصحيح، کتاب الاعتصام، باب اجر الحاکم اِذا اجتهد، 6 : 2676، رقم : 6919
سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس قدر حوصلہ افزائی کیوں؟ کہ غلطی اور خطا پر بھی ’’اجر‘‘ ملے۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ اگر مجتہدین و محققین نظام الاحکام کو صرف عہدِ رسالت اور عہدِ صحابہ کے قضایا اور نظائر تک محدود رکھتے اور نئے اقدامات کو بدعت سمجھ کر چھوڑ دیتے تو قدیم اور جدید میں فاصلے بر قرار رہتے۔ نتیجۃً اس فاصلے کے باعث اسلامی طرزِ زندگی میں جمود آسکتا تھا، چونکہ مجتہد نئے فیصلوں کے ذریعے امکانِ جمود کو ختم کرتا ہے، احکامِ شریعت کے تحرک و تسلسل کے برقرار رہنے کا باعث بنتا ہے۔ سو اخلاص اور نیک نیتی پر مبنی اس کی اس جرات کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ فیصلہ صاف ظاہر ہے ایک ’’نیا قدم‘‘ ہی ہوگا۔ اگر نصوصِ قرآن و سنّت یا عہدِ رسالت و عہدِ صحابہ سے ثابت ہوتا تو اجتہاد نہ کہلاتا بلکہ وہ حکم منصوص ہی ہوتا۔ چونکہ وہ اساسی مصادر سے یا زمانہ تشکیلِ سنّت سے ثابت نہیں ہے اس لئے لغّۃً بدعت ہے، طریقۃً اجتھاد ہے، ضرورۃً مصلحت ہے اور حکمًا ’’حسنہ‘‘ ہے۔ اسے بدعت حسنہ کہتے ہیں۔ یہی ’’اجتہادِ ماجور‘‘ ہے اور یہ حکم رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ اور اصلًا سنّتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تابع ہے۔
بدعت کے اس تصور اور تقسیم کی بنیاد بھی خود حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قائم فرمائی ہے۔ جو اس حدیث صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے صاف ظاہر ہے۔
من سن فی الاسلام سنة حسنة فله أجرها و أجر من عمل بها بعده من غير أن ينقص من أجورهم شئ ومن سن في الاسلام سنة سيئة کان عليه وزرها و وزر من عمل بها من بعده من غير أن ينقص من أوزارهم شيئ.
’’جس شخص نے اسلام میں کسی نیک کام کی ابتداء کی اس کو اپنے عمل کا بھی اجر ملے گا اور بعد میں عمل کرنے والوں کے عمل کا بھی اجر ملے گا اور ان عاملین کے اجر میں کوئی کمی نہیں ہوگی اور جس نے اسلام میں کسی برے عمل کی ابتدا کی اسے اپنے عمل کا بھی گناہ ہوگا اور بعد میں عمل کرنے والوں کے عمل کا بھی گناہ ہوگا اور ان عاملین کے گناہ میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔‘‘
1. مسلم، الصحيح، 2 : 705، کتاب الزکوٰة، باب الحث علي الصدقه، رقم : 1017
اگر کچھ تعمّق اور تفکّر سے کام لیا جائے تو یہ واضح ہو جائیگا کہ یہاں لفظ ’’سنّت‘‘ سے مراد سنّتِ شرعی نہیں ہے بلکہ یہ سنّتِ لغوی ہے۔
گویا لفظ بدعت کی طرح لفظ سنّت کا استعمال دو طرح پر ہے۔ اگر ’’من سنَّ فی الاسلام سنّۃً‘‘ سے مراد یہاں پر شرعی معنی میں سنّتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا سنّتِ صحابہ ہوتی تو اسے ’’سنۃ حسنۃ‘‘ اور ’’سنۃ سیّئۃ‘‘ میں ہرگز تقسیم نہ کیا جاتا۔ کیونکہ سنّتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو ہمیشہ ’’حسنۃ‘‘ ہی ہوتی ہے۔ اس کے سیّئہ ہونے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہاں پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لفظ تو ’’سنّت‘‘ کا استعمال فرمایا ہے مگر اس کے اطلاق میں حسنہ اور سیّئہ دو اقسام بیان کی ہیں اور ایک پر اجر اور دوسری قسم پر گناہ مترتب فرمایا گیا ہے۔ سو معلوم ہوا یہاں پر ’’سنّت‘‘ کی تقسیم تو حسنہ اور سیّئہ میں صراحتًا کر دی گئی ہے۔ اس سے انکار کی بھی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ اب اس کی وجہ تلاش کرنا ہوگی۔ تو سوائے اس کے اور کوئی وجہ نہیں کہ یہاں لفظ سنّت اپنے لغوی معنی میں استعمال ہوا ہے نہ کہ شرعی معنی میں۔ اور اس سے مراد کوئی ’’نیا راستہ‘‘ نکالنا ہے۔
اب غور طلب امر یہ ہے کہ جب لفظِ سنّت بھی، لغوی اور شرعی تقسیم کے ساتھ خود حسنہ اور سیّئہ کی دو قسموں پر حدیث سے ثابت ہوگیا تو لفظِ بدعت کو اسی اصول پر حسنہ اور سیّئہ کی دو اقسام پر تسلیم کرنے میں کون سا امر مانع رہ گیا۔ سوائے ضد، ہٹ دھرمی یا جہالت اور لا علمی کے۔ پھر اس اصول کی تصریح سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے اپنے مبارک ارشاد سے فرما دی ہے جسے امام بخاری نے ’’الجامع الصحیح‘‘ میں روایت کیا ہے۔
خرجت مع عمر بن الخطاب رضي الله عنه ليلة في رمضان إلي المسجد فإذا الناس أوزاع متفرقون يصلي الرجل لنفسه و يصلي الرجل فيصلي بصلاته الرهط، فقال عمر : إني أري لو جمعت هؤلاء علي قارئ واحد لکان أمثل ثم عزم فجمعهم علي أبي بن کعب ثم خرجت معه ليلة أُخري والناس يصلون بصلوة قارئهم، قال عمر : نعم البدعة هذه والتي ينامون عنها أفضل من التي يقومون يريد آخر الليل و کان الناس يقومون أوّله.
’’میں حضرت عمرص کے ساتھ رمضان کی ایک رات مسجد کی طرف نکلا تو لوگ متفرق تھے ایک آدمی تنہا نماز پڑھ رہا تھا اور ایک آدمی گروہ کے ساتھ۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میرے خیال میں انہیں ایک قاری کے پیچھے جمع کردیا جائے تو اچھا ہوگا، پس آپ نے حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کے پیچھے سب کو جمع کردیا۔ پھر میں دوسری رات کو ان کے ساتھ نکلا تو دیکھا کہ لوگ اپنے قاری کے پیچھے نماز پڑھ رہے تھے، حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا : یہ کتنی اچھی بدعت ہے اور رات کا وہ حصہ جس میں لوگ سو جاتے اس سے بہتر وہ حصہ ہے جس میں وہ قیام کرتے ہیں مراد رات کا آخری حصہ تھا جبکہ لوگ پہلے حصے میں قیام کرتے تھے۔‘‘
1. بخاري، الصحيح، 2 : 707، کتاب صلاة التراويح، باب فضل من قام رمضان، رقم : 1906
آپ نے غور فرمایا کہ سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے نماز تراویح کے بعد باجماعت اہتمام کو ’’بدعت‘‘ بھی کہا اور ’’نعمۃ‘‘ یعنی ’’حسنۃ‘‘ بھی کہا۔ وجہ یہی تھی کہ یہ کام اپنی ظاہری حالت اور ہیئت کے حوالے سے نیا تھا۔ جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اختیار نہیں فرمایا تھا اس لئے اسے ’’بدعۃً‘‘ کہا۔ مگر باعثِ خیر اور مبنی بر مصلحت تھا اس لئے اسے ’’نعمۃ یعنی حسنۃ ‘‘ قرار دیدیا۔
سو بدعت کی اس تقسیم کی بنیاد بعد کے ائمہ و محدثین اور علماء و فقہاء اسلام نے ہرگز نہیں رکھی۔ بلکہ انہوں نے ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سنّتِ خلفائے راشدین کی ہی تشریح و توضیح کی ہے۔ اور اسے خاص علمی نظم کے ساتھ بیان کر دیا ہے۔

No comments:

Post a Comment

Note: only a member of this blog may post a comment.